پاکستان اور ملائیشیا باہمی تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعاون میں اضافہ کریں گے، دفتر خارجہ

 

اسلام آباد۔29مارچ :پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دو طرفہ سیاسی مشاورت کا دوسرا دورکوالالمپور میں منعقد ہوا۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق مذاکرات کی مشترکہ صدارت ایڈیشنل فارن سیکرٹری (ایشیا و پیسفک) ممتاز زہرہ بلوچ اور ملائیشیا کی وزارت خارجہ کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل (دو طرفہ امور) داتو نارمن بن محمد نے کی۔ فریقین نے پاکستان ملائیشیا تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا اور دوطرفہ سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی تجدید کی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا ہر سطح پر روابط اور بات چیت کو فروغ ، موجودہ دوطرفہ میکانزم کو فعال اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے نئے شعبوِں میں تعاون قائم کریں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک باہمی تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی، زراعت اور خوراک کی حفاظت، توانائی، صحت، تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں میں تعاون میں اضافہ کریں گے۔

ملائیشیا میں اضافی پاکستانی افرادی قوت کی خدمات حاصل کرنے سمیت پارلیمانی تبادلوں اور عوام کے درمیان رابطوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ بیان کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان علاقائی امن و سلامتی، اسلامو فوبیا اور موسمیاتی تبدیلی سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور عالمی امور پر ہم آہنگی پائی گئی۔

فریقین نے کثیرالجہتی پلیٹ فارمز بشمول او آئی سی اور اقوام متحدہ میں قریبی تعاون میں اپنی دلچسپی کا اعادہ کیا۔ بات چیت میں پاکستان نے آسیان کے ساتھ تعلقات میں اضافہ کی خواہش کا بھی اظہار کیا جس سے مکمل مذاکراتی شراکت داری شروع ہوگی۔ ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے فراخدلانہ مدد اور انسانی امداد پر ملائیشیا کا شکریہ ادا کیا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here